Font by Mehr Nastaliq Web

aaj ik aur baras biit gayā us ke baġhair

jis ke hote hue hote the zamāne mere

رد کریں ڈاؤن لوڈ شعر

پہچان

MORE BYسعادت حسن منٹو

    کہانی کی کہانی

    تین دوست اپنے جمالیاتی ذوق کی تسکین کے لیے کچھ دیر کے لیے ایک نفاست پسند لڑکی چاہتے ہیں۔ ایک تانگے والا ان کو مختلف قسم کی جگہوں پر لے جاتا ہے، ہر جگہ سے وہ بہانہ کرکے نکل لیتے ہیں۔ آخر میں وہ ان کو ایک کم سن، غریب اور بھدی سی لڑکی کے پاس لے جاتا ہے جہاں سے تینوں دوست اٹھ کر بھاگ کھڑے ہوتے ہیں۔ تانگے والا اپنا کرایہ وصول کرتے وقت ان سے کہتا ہے، بابو جی آپ کو کچھ پہچان نہیں۔۔۔ ایسی کراری لونڈیا تو شہر بھر میں نہیں ملے گی آپ کو۔

    ایک نہایت ہی تھرڈ کلاس ہوٹل میں دیسی وسکی کی بوتل ختم کرنے کے بعد طے ہوا کہ باہر گھوما جائے اور ایک ایسی عورت تلاش کی جائے جو ہوٹل اور وسکی کے پیدا کردہ تکدّر کو دور کر سکے۔ کوئی ایسی عورت ڈھونڈی جائے جو ہوٹل کی کثافت کے مقابلے میں نفاست پسند اور بدذائقہ وسکی کے مقابلہ میں لذیذ ہو۔

    فخرنے ہوٹل کی غلیظ فضا سے باہر نکلتے ہی مجھ سے اور مسعودسے کہا،’’کوئی دانے دار عورت ہو۔۔۔ اچھے گویّے کے گلے کی طرح اس میں بڑے بڑے دانے ہوں۔۔۔ خدا کی قسم طبیعت صاف ہو جائے۔‘‘ وسکی دانوں سے بالکل خالی تھی۔ سوڈا بھی بالکل بے جان تھا۔ غالباً اسی وجہ سے فخر دانے دار عورت کا قائل ہو رہا تھا۔ ہم تینوں عورت چاہتے تھے۔ فخر دانے دار عورت چاہتا تھا۔ مجھے ایسی عورت مطلوب تھی جو بڑے سلیقے سے واہیات باتیں کرے۔۔۔ اور مسعود کو ایسی عورت کی ضرورت تھی جس میں بنیا پن نہ ہو۔ اپنی فیس کے روپے لے کر ٹرنک میں جہاں اس کا جی چاہے رکھے اور کچھ عرصے کے لیے بھول جائے کہ سودا کر رہی ہے۔

    اس بازار کا راستہ ہم جانتے تھےجہاں عورتیں مل سکتی ہیں۔ کالی، نیلی، پیلی، لال اور جامنی رنگ کی عورتیں۔ پیڑوں کی طرح ان کے مکان ایک قطار میں دور تک دوڑتے چلے گئے ہیں۔ یہ رنگ برنگی عورتیں ان میں پکے ہوئے پھلوں کے مانند لٹکی رہتی ہیں،آپ نیچے سے ڈھیلا مار کر اسے گرا سکتے ہیں۔ ہمیں یہ عورتیں مطلوب نہیں تھیں۔ دراصل ہم اپنے آپ کو دھوکا دینا چاہتے تھے۔ ہم ایسی عورت یا عورتیں چاہتے تھے جو عرفِ عام میں پرائیویٹ ہوں یعنی جو منڈی کے ہجوم سے نکل کر علیحدہ شریف محلوں میں اپنا کاروبار چلا رہی ہوں۔

    ہم تینوں میں فخر سب سے زیادہ تجربہ کار تھا۔ قوتِ ارادی بھی اس میں ہم سب سے زیادہ تھی۔ ایک تانگے والا جب ہمارے پاس سے گزرا تو اس نے ہاتھ کے اشارے سے اسے روکااور بغیر کسی جھجک کے معنی خیز لہجے میں اس سے کہا،’’ہم سیر کرنا چاہتے ہیں۔۔۔ چلو گے؟‘‘ تانگے والے نے جو سنجیدہ اور متین آدمی معلوم ہوتا تھا،ہم تینوں کی طرف باری باری دیکھا۔ میں جھینپ سا گیا۔ خاموشی ہی خاموشی میں وہ ہم سے کہہ گیا تھا،’’تم جوانوں کو شراب پی کر یہ کیا ہو جاتا ہے؟‘‘

    فخر نے دوبارہ اس سے کہا،’’ہم سیر کرنا چاہتے ہیں۔۔۔ چلو گے؟‘‘ پھرتو واقعی اسے کچھ خیال آیا اور اپنا مطلب اور زیادہ واضح کر دیا۔’’کوئی مال وال ہے تمہاری نگاہ میں؟‘‘مسعوداور میں دونوں ایک طرف کھسک گئے۔مسعود نے گھبرا کر مجھ سے کہا،’’یہ فخر کیسا آدمی ہے اسے کچھ سمجھاؤ۔‘‘مسعود سے میں کچھ کہنے ہی والا تھاکہ فخر نے آواز دی،’’آؤ بھئی آؤ۔۔۔ بیٹھو تانگے میں۔‘‘ ہم تینوں تانگے میں بیٹھ گئے۔ مجھے اگلی نشست پر جگہ ملی۔

    دسمبر کے آخری دن تھے۔ رات کے آٹھ بج چکے تھے۔وسکی پینے کے باوجود ہمیں سردی محسوس ہو رہی تھی۔ میں چونکہ اگلی نشست پر تھااور تینوں میں سے سب سے کمزور تھا، اس لیے میرے کان سُن ہو رہے تھے۔ جب تانگہ ڈفرن برج کے نیچے اترا تو میں نے مفلر نکال کر کانوں اور سر پر لپیٹ لیااور اوورکوٹ کا کالر بھی اونچا کر لیا۔ سانس گھوڑے کے نتھنوں سے بھاپ بن کر باہر نکل رہا تھا۔ہم تینوں خاموش تھے۔ تانگے والا موٹے اور کُھردرے کمبل میں لپٹا خاموشی سے اپنا تانگہ چلا رہا تھا۔ میں نے اس کی طرف غور سے دیکھا۔ سنجیدگی اس کے چہرے پر ٹھٹھر سی رہی تھی۔ جو مجھے بہت بری معلوم ہوئی۔ چنانچہ میں نے فخر سے کہا،’’فخر یہ آدمی کیسا ہے۔ کوئی بات ہی نہیں کرتا۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کاسٹرآئل پی کر بیٹھا ہے۔‘‘

    تانگے والا میرے اس ریمارک پر بھی خاموش رہا۔ فخر نے کہا،’’زیادہ باتیں کرنے والے آدمی ٹھیک نہیں ہوتے۔ ہمارا مطلب سمجھ گیا ہے۔ لے چلے گا، جہاں اچھی چیز ہوئی۔‘‘مسعود سگریٹ سلگا رہا تھا۔ ایک دم بولا،’’واللہ عورت کتنی اچھی چیز ہے۔۔۔ عورت عورت کم ہے چیز زیادہ ہے۔‘‘ میں نے اس کو ذرا اور خوبصورت بنا کر کہا۔’’مسعود چیز نہیں۔۔۔ چیز سی۔‘‘ شاعر آدمی تھا بھڑک اٹھا۔ ’’واللہ کیا بات پیدا کی ہے۔ چیز نہیں چیز سی۔۔۔ سو میاں تانگے والے چیز اور چیز سی میں جو فرق ہے۔ اس کا دھیان رکھنا‘‘ تانگے والا خاموش رہا۔

    اب میں نے اس کی طرف زیادہ غور سے دیکھا۔ مضبوط جسم کا آدمی تھا۔ عمر پینتیس سال کے لگ بھگ ہو گی۔ پتلی پتلی مونچھیں تھیں جن کے بال نیچے کو جھکے ہوئے تھے۔ سردی کے باعث چونکہ اس نے کمبل کا ڈھاٹا سا بنا رکھا تھا اس لیے اس کا پورا چہرہ نظر نہ آتا تھا۔میں نے اس کی طرف دیکھ کر فخر سے پوچھا،’’کہاں لے جا رہا ہے ہمیں؟َ‘‘ فخر نے جو زیادہ سوچ بچار کا عادی نہیں تھا،جواب دیا،’’اتنے بیتاب کیوں ہوتے ہو؟ ابھی تھوڑی دیر کے بعد چیز تمہارے سامنے آ جائے گی۔‘‘

    مسعود نے اس پر فخر سے کہا،’’تم سے کیا بات ہوئی ہے اس کی؟‘‘ فخر نے جواب دیا،’’روشن آراروڈ پر۔۔۔ کچھ میمیں رہتی ہیں۔ کہتا ہے ہمارے کام کی ہیں۔‘‘ میموں کا نام سن کر مسعود کو اپنے ایک دوست کی نظم یاد آ گئی۔ اس کا حوالہ دے کر اس نے کہا،’’تو چلو آج لگے ہاتھوں اربابِ وطن کی بے بسی کا انتقام بھی لے لیا جائے گا۔‘‘

    ’’واللہ! ایسا معلوم ہوتا ہے کہ یہ تانگے والا صاحبِ ذوق ہے۔ وہ نظم ضرور پڑھی ہو گئی اس نے۔‘‘

    اس کے بعد دیر تک میموں کے متعلق گفتگو ہوتی رہی۔ میں اور مسعود میموں کے بالکل قائل نہیں تھے۔ لیکن فخر کو عورتوں کی یہ قسم پسند تھی۔’’ان کا علم سائنٹیفک ہوتا ہے یعنی یہ عورتیں بڑے سائنٹیفک طریقے پر اپنا کاروبار چلاتی ہیں۔ ان کے مقابلے میں مشرقی عورتوں کو رکھیے تو وہی نظر آئے گا جو ہمارے یہاں کی ریوڑی اور وہاں کی ٹافی میں ہے۔ بھئی دراصل بات یہ ہے کہ ان میموں کا پیکنگ بڑا اچھا ہوتا ہے۔‘‘

    میں نے کہا،’’فخر!ممکن ہے تمہارانظریہ درست ہو مگر بھائی میں ایسے موقعوں پر زبان کی مشکلات برداشت نہیں کر سکتا۔ میں اپنے دفتر میں بڑے صاحب کے ساتھ انگریزی بول سکتا ہوں۔ میں یہاں دہلی میں رہ کر اس تانگے والے سے اردو میں بات چیت کرنا گوارہ کر سکتا ہوں۔ مگر اس موقعہ پر انگریزی میں گفتگو نہیں کر سکتا۔ میری پتلون انگریزی، میری ٹائی انگریزی، میرا شو انگریزی۔۔۔ یہ سب چیزیں انگریزی میں ہو سکتی ہیں۔ مگر خدا کے لیے وہ چیز مجھ سے انگریزی میں کیسے ہو سکتی ہے۔‘‘

    فخر اپنا نظریہ بھول کر ہنسنے لگا۔ مسعود شاید ابھی تک اپنے دوست کی لکھی ہوئی نظم پر غور کر رہا تھا۔ جس میں شاعر نے ایک فرنگی عورت کے ہونٹ چوس کر اربابِ وطن کی بے بسی کا انتقام لیا تھا۔۔۔ دفعتاچونک کر اس نے کہا، ’’کیوں بھئی یہ تانگہ کب تک چلتا رہے گا؟‘‘ تانگے والے نے ایک دم باگیں کھینچ کر تانگہ ٹھہرا دیا۔ اور فخر سے کہا‘،’’وہ جگہ آ گئی صاحب۔ آپ اکیلے چلیے گا یا۔۔۔‘‘ ہم تینوں تانگے والے کے پیچھے پیچھے چل دئیے۔

    ایک نیم روشن گلی میں وہ ہمیں لے گیا۔ دلی کی دوسری گلیوں سے یہ گلی کچھ مختلف تھی۔ اس لیے کہ بہت چوڑی تھی۔ دائیں ہاتھ کو ایک منزلہ مکان تھا۔ جس کی کھڑکیوں، دروازوں پر چقیں لٹکی ہوئی تھیں۔ ایک دروازے کی چق اٹھا کر تانگے والا اندر داخل ہو گیا۔ چند لمحات کے بعد باہر آیااور ہمیں اندر لے گیا۔

    کمرے میں گُھپ اندھیرا تھا۔ میں نے جب کہا، ’’بھائی ہم کہیں اوندھے منہ نہ گر پڑیں‘‘ تو دوسرے کمرے سے کسی عورت کی بھدّی آواز سنائی دی،’’لالٹین تو لے گیا ہوتا تو‘‘ اور تھوڑی ہی دیر کے بعد تانگے والا ایک اندھی سی لالٹین لے کر نمودار ہوا۔’’چلیے اندر تشریف لے چلیے۔‘‘ہم تینوں اندر تشریف لے گئے۔ دو کالی بھجنگی انتہائی بدصورت عورتیں نظر آئیں۔ جنہوں نے ڈھیلے ڈھیلے فراک پہن رکھے تھے۔۔۔ یہ میمیں تھیں۔ میں نے اپنی ہنسی روک کر فخر سے کہا،’’کیا لذیذ ٹافیاں ہیں۔‘‘

    میری یہ بات سن کر ان میموں میں سے ایک جس کا سیاہ چہرہ سرخی لگانے کے باعث زیادہ پکی ہوئی اینٹ کی سی رنگت اختیار کر گیا تھا۔ ہنسی۔۔۔ میں بھی ہنس دیا اور بڑے پیار سے پوچھا،’’کیا نام ہے آپ کا؟‘‘ بولی،’’لوسی‘‘ شاعر مسعود نے آگے بڑھ کر دوسری سے پوچھا،’’آپ کا؟‘‘ اس نے جواب دیا، ’’میرؔ ی‘‘ فخر بھی آگے بڑھ آیا ’’کیوں صاحب آپ کام کیا کرتی ہیں؟‘‘ دونوں لجا گئیں۔ ایک نے ادا سے کہا،’’کیسا بات کرتا ہے تم؟‘‘دوسری نے کہا،’’چلو جلدی کرو۔ رہنا مانگتا ہے یا نہیں ہمیں روٹی پکانا ہے۔‘‘

    میں نے اس کے ہاتھوں کی طرف دیکھاتو گیلے آٹے سے بھرے ہوئے تھے۔ اور وہ اس کی مروڑیاں بنا رہی تھی۔ تانگے والا قطعی طور ہمیں غلط جگہ لے آیا تھا، مروڑیاں اس کے ہاتھوں سے کچّے فرش پر گر رہی تھیں اور مجھے ایسا معلوم ہوتا تھاکہ اناج رو رہا ہے اور یہ مروڑیاں اس کے آنسو ہیں۔

    ہم تینوں کے تینوں اس مکان میں آکر سخت پریشان ہو گئے۔ مگر ہم اپنی پریشانی ان دو عورتوں پر ظاہر کرنا نہیں چاہتے تھے۔ ہمیں سخت ناامیدی ہوئی تھی۔ اگر ہم ان سے صاف لفظوں میں کہہ دیتے کہ تم ہمارے مطلب کی نہیں ہو تو ضرور ان کے جذبات کو ٹھیس پہنچتی۔ عورت جس کے ہاتھ آٹے سے لتھڑے ہوں ایسے جذبات سے عاری نہیں ہو سکتی۔میں نے ان دونوں کی تعریف کی۔ فخر نے بھی میرا ساتھ دیا۔ پھر ہم تینوں جلد واپس آنے کا وعدہ کرکے وہاں سے نکل آئے۔ تانگے والا ہمارا مطلب سمجھ گیا تھا۔ چنانچہ اسے چند لمحات کے لیے وہاں ٹھہرنا پڑا۔ جب وہ باہر نکلاتو فخر نے اس سے کہا،’’تم انھیں میمیں کہتے ہو؟‘‘ تانگے والے نے بڑی متانت کے ساتھ جواب دیا،’’لوگ یہی کہتے ہیں صاحب۔‘‘لوگ جھک مارتے ہیں۔۔۔ میں نے خیال کیا تھا کہ تم میرا مطلب سمجھ گئے ہو گے۔۔۔ اب خدا کے لیے کسی ایسی جگہ لے چلو، جہاں ہم چند گھڑیاں اپنا دل بہلا سکیں۔‘‘

    مسعود نے تینوں کا اجتماعی مقصد اور زیادہ واضح کرنے کی کوشش کی۔ دیکھو ہم ایسی جگہ جانا چاہتے ہیں۔ جہاں کچھ عرصے کے لیے بیٹھ سکیں۔۔۔ہمیں ایسی عورت کے پاس لے چلو جو باتیں کرنے کا سلیقہ رکھتی ہو۔۔۔ بھائی ہم گورے نہیں ہیں،کسی فوج کے سپاہی نہیں ہیں۔ تین شریف آدمی ہیں،جنہیں عورت سے بات چیت کیے برسوں گزر چکے ہیں۔۔۔ سمجھے؟‘‘ تانگے والے نے اثبات میں سر ہلا دیا،’’تو چلیے بیٹھیے آپ کو صدر بازار لے چلتا ہوں۔۔۔‘‘فخر نے پوچھا، ’’کون ہے وہاں؟‘‘ تانگے والے نے گھوڑے کی باگیں تھام کر جواب دیا۔ ایک پنجابن ہے،بہت لوگ آتے ہیں اُس کے پاس۔‘‘ تانگے نے پنجابن کے گھر کا رخ کیا۔

    راستے میں ان دو میموں کا ذکر چھڑ گیا۔ ہم میں سے ہر ایک کو وہاں جانے کا افسوس تھا۔ اس لیے کہ ہم سب سے زیادہ وہ ناامید ہوئی تھیں۔ میں نے ان کو کچھ روپے دے دئیے ہوتے۔ مگر یہ بھیک ہو جاتی۔۔۔ فخر نے ہماری اس گفتگو میں زیادہ حصّہ نہ لیا۔ وہ چاہتا تھا کہ ان کا ذکر نہ کیا جائے لیکن جب تک تانگہ پنجابن کے گھر تک نہ پہنچا،ان کا ذکر ہوتا رہا۔

    تانگہ ایک فراخ بازار میں فٹ پاتھ کے پاس رکا۔ طویلے کے ساتھ والا مکان تھا،جدھر کا ہم چاروں نے رخ کیا۔ زینہ طے کرکے ہم اوپر پہنچے۔ سامنے پیخانہ تھا۔ دروازے سے بے نیاز۔۔۔ اس کے ساتھ ہی پرانی وضع کا مغلئی کمرہ تھاجس میں ہم چاروں داخل ہوئے۔ اس کمرے کے آخری سرے پر چار آدمی بیٹھے فلاش کھیلنے میں مصروف تھےجو ہماری آمد سے غافل رہے۔ البتہ وہ عورت جو ان کے پاس کھڑی تھی اور ایک آدمی کے پتّوں میں دلچسپی لے رہی تھی،آہٹ پاکر ہماری طرف آئی۔

    یہاں بھی لالٹین کی مدھم روشنی تھی،جس کو فلاش کھیلنے والے چاروں طرف سے گھیرے ہوئے تھے۔ جب وہ فخر کے پاس آئی اور کولھے پر ہاتھ رکھ کر کھڑی ہو گئی تو میں نے غور سے اسے دیکھا۔۔۔ اس کی عمر کم از کم پینتیس برس کے قریب تھی۔ چھاتیاں بڑی بڑی تھیں جو اس نے بیہودہ اور فحش انداز سے اوپر کو اٹھا رکھی تھیں۔ تنگ ماتھے پر نیلے رنگ کا چاند کھداہوا تھا ۔جب وہ مسعود کی طرف دیکھ کر مسکرائی تو مجھے اس کے سامنے کے دو دانتوں میں سونے کی کیلیں نظر آئیں۔۔۔ بڑی خوفناک عورت تھی۔ اس کا منہ کچھ اس انداز سے کھلتا تھاجیسے لیموں نچوڑنے والی مشین کا کھلتا ہے۔اس نے فخر کو آنکھ ماری اور پوچھا،’’کہو کیا بات ہے؟‘‘ فخر نے بچے کی طرح کہا،’’آپ کا نام؟‘‘ اس نے کولھے پر ہاتھ رکھے ہم تینوں کو باری باری دیکھا۔ ’’گلزار۔‘‘

    فخر نے فوراً ہی معذرت کی،’’ہم گلاب کے یہاں آئے تھے۔ غلطی سے ادھر چلے آئے۔ معاف کر دیجیے گا۔‘‘یہ سن کر وہ فخر کے ہاتھ سے سگریٹ چھین کر کش لگاتی فلاش کھیلنے والوں کے پاس چلی گئی جو ابھی تک ہماری آمد سے غافل تھے۔ نیچے اتر کر ہم تینوں نے تانگے والے کو پھر اپنا مطلب سمجھایا اور اس کو بتایا کہ ہم کس قسم کی عورت چاہتے ہیں۔ اس نے ہم تینوں کا لکچر سنا اور کہا’’آپ تھوڑے لفظوں میں مجھے بتائیے کہ آپ کہاں جانا چاہتے ہیں؟‘‘

    میں نے تنگ آ کر فخر سے کہا،’’بھئی تم ہی اسے ان تھوڑے لفظوں میں سمجھاؤ جو تمہارے پاس باقی رہ گئے ہیں۔‘‘ فخر نے اسے سمجھایا،’’دیکھو ہمیں کسی لڑکی کے پاس لے چلو۔۔۔ ایسی عورت کے پاس جو سولہ سترہ برس کی ہو۔ اس سے زیادہ ہر گز نہ ہو۔۔۔سمجھے؟‘‘ تانگے والے نے کمبل کی بُکل مار کے باگیں تھامیں اور کہا،’’آپ نے پہلے ہی کہہ دیا ہوتا۔ چلیے۔۔۔ اب آپ کو ٹھیک جگہ پر لے چلوں گا۔‘‘

    آدھے گھنٹے کے بعد وہ ٹھیک جگہ بھی آ گئی۔۔۔ خدا معلوم کونسا بازار تھا۔دوسری منزل پر ایک بیٹھک سی تھی جس کے دروازے پر موٹا اور میلا ٹاٹ لٹک رہا تھا۔ جب ہم اندر داخل ہوئے تو سامنے آنگن میں ایک دیہاتی بڑھیا چولھا جھونک رہی تھی۔۔۔ مٹی کےکُونڈے میں گُندھا ہوا آٹا پاس ہی پڑا تھا۔ دھواں اس قدر تھاکہ اندر داخل ہوتے ہی ہماری آنکھوں میں آنسو آگئے۔ بڑھیا نے چولھے میں لکڑیاں جھاڑ کر ہماری طرف دیکھا۔ اور تانگے والے سے دیہاتی لہجے میں کہا،’’انھیں اندر لے جاؤ۔‘‘

    تانگے والے نے اندھیرے کمرے میں دیا سلائی جلا کر ہمیں داخل کیا اور کیل سے لٹکی ہوئی لالٹین کو روشن کرکے باہر چلا گیا۔ میں نے کمرے کا جائزہ لیا۔ کونے میں ایک بہت بڑا پلنگ تھا جس کے پائے رنگین تھے۔ اس پر میلی سی چادر بچھی ہوئی تھی۔ تکیہ بھی پڑا تھاجس پر سرخ رنگ کے پھول کڑھے ہوئے تھے۔ پلنگ کے ساتھ والی دیوار کی کانس پر ایک میلی بوتل اور لکڑی کی کنگھی پڑی تھی۔ اس کے دانتوں پر سر کا میل اور کئی بال پھنسے ہوئے تھے۔ پلنگ کے نیچے ایک ٹوٹا ہوا ٹرنک تھا۔ جس پر ایک کالی گرگابی رکھی تھی۔

    مسعود اور فخر دونوں پلنگ پر بیٹھ گئے۔ میں کھڑا رہا۔ تھوڑی دیر کے بعد ایک پست قد لڑکی اپنے سے دوگنا دوپٹہ اوڑھنے کی کوشش کرتی اندر داخل ہوئی۔ فخر اور مسعود اٹھ کھڑے ہوئے۔ جب وہ لالٹین کی روشنی میں آئی تو میں نے اسے دیکھا۔ اس کی عمر بمشکل چودہ برس کے قریب ہو گی۔ چھاتیاں آڑو کے برابر تھیں مگر اس کے چہرے سے معلوم ہوتا تھا کہ وہ اپنے جسم کو پیچھے چھوڑ کر بہت آگے نکل چکی ہے، بہت آگے۔ جہاں شاید اس کی ماں بھی نہیں پہنچ سکی جو باہر آنگن میں چولھا جھونک رہی تھی۔ اس کے نتھنے پھڑک رہے تھے۔ اور اس انداز سے اپنا ایک ہاتھ ہلا رہی تھی جیسے مکار دوکاندار کی طرح ڈنڈی مارے گی۔ اور کبھی پورا تول نہیں تولے گی۔

    ہم تینوں اس کو حیرت بھری نظروں سے دیکھتے رہے۔ فخر شرم بھی محسوس کر رہا تھا۔ مسعود کی ساری شاعری سمٹ کر شاید اُس کے ناخنوں میں چلی آئی۔ کیونکہ وہ بری طرح انھیں دانتوں سے کاٹ رہا تھا۔میں نے ایک بار پھر اس کی طرف دیکھا۔ جیسے مجھے اپنی آنکھوں پر یقین نہیں آیا۔ٹھنگنی سی لڑکی تھی جو ایک بہت بڑا میلا دوپٹہ اوڑھنے کی کوشش کر رہی تھی۔ رنگ گہرا سانولا۔ بدن کی ساخت سے معلوم ہوتا تھا کہ وہ بڑی تیزی سے چلی ہوئی گاڑی ہےجو اب ایک دم رک گئی ہے۔ اس کے پہّیوں میں بریک لگ گئے ہیں اور وہیں کھڑے کھڑے اس کا رنگ وروغن دھوپ اور بارش میں اُڑ گیا ہے۔ اس عمر میں بھدّی سے بھدّی لڑکی کے جسم پر جو ایک قسم کی شوخ جاذبیت ہوتی ہے اس میں بالکل نہیں تھی۔ کپڑوں کے باوجود وہ ننگی دکھائی دیتی تھی۔ بہت ہی بیہودہ اور ناواجب طریقے پر ننگی۔۔۔ اس کے جسم کا نچلا حصہ قطعی طور پر غیر نسوانی تھا۔

    میں اس سے کچھ کہنے ہی والا تھاکہ اس کے عقب سے ایک بڈھا نمودار ہوا۔ بالکل سفید داڑھی۔ سرضعف کے باعث ہل رہا تھا۔ لڑکی نے دیہاتی زبان میں اس سے کچھ کہا جس کا مطلب میں صرف اس قدر سمجھا کہ وہ بڈھا اس کا نانا ہے۔ ہم تینوں صحیح معنوں میں اُٹھ بھاگے۔ نیچے بازار میں پہنچے تو ہمارا تکدّر کچھ دور ہوا۔ بڈھے اور لڑکی کو دیکھ کر ہمارے جمالیاتی ذوق کو بہت ہی شدید صدمہ پہنچا تھا۔ دیر تک ہم چپ چاپ رہے۔

    فخر ٹہلتا رہا۔ مسعود ایک کونے میں پیشاب کرنے کے لیے بیٹھ گیا۔ میں اوورکوٹ کی جیبوں میں ہاتھ ڈالے اوپر آسمان کی طرف دیکھتا رہا۔ جہاں نامکمل چاند بالکل اس زرد بیسوا لونڈیا کی طرح جس کے جسم کا نچلا حصّہ قطعی طور پر غیر نسوانی تھا، بادل کے ایک بہت بڑے ٹکڑے کا دوپٹہ اوڑھنے کی کوشش کر رہا تھا۔۔۔ اس سے کچھ دور چھوٹا سفید ٹکڑا اس کے نانا کے ضعیف سر کی طرح لرز رہا تھا۔۔۔!

    میرے بدن پر جھرجھری طاری ہو گئی۔ہم غالباً دس بارہ منٹ تک بازار میں کھڑے رہے۔ اس کے بعد تانگے والا نیچے اُترا۔ فخر کے پاس جا کر اس نے کہا،’’آپ نے آٹھ بجے تانگہ لیا تھا۔۔۔ اب گیارہ بج چکے ہیں۔ تین گھنٹوں کے پیسے دے دیجیے۔‘‘فخر نے کچھ کہے بغیر دو روپے اس کو دے دئیے۔ روپے لے کر وہ مسکرایا،’’بابو جی آپ کو کچھ پہچان نہیں۔۔۔ ایسی کراری لونڈیا تو شہر بھر میں نہیں ملے گی آپ کو۔۔۔ خیر آپ کو اختیار۔۔۔ تانگے میں بیٹھیے میں ابھی آیا۔‘‘

    اس کو اوپر جانے کی زحمت نہ اٹھانا پڑی کیونکہ سفید ریش بڈھا اس کے پیچھے پیچھے چلا آیا تھا۔ اور موری کے پاس کھڑا اپنا ضعیف سر ہلا رہا تھا۔ اس کو دو روپے دے کر جب تانگے والے نے باگیں تھامیں تو اس کی سنجیدگی غائب تھی۔ ’’چل بیٹا‘‘کہہ کر اس نے اپنی بھدّی مگر مسّرت بھری آواز میں گانا شروع کر دیا۔’’ساون کے نظارے ہیں۔۔۔ لالا۔۔۔‘‘

    مأخذ :
    • کتاب : منٹو کےافسانے

    Additional information available

    Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.

    OKAY

    About this sher

    Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.

    Close

    rare Unpublished content

    This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.

    OKAY
    بولیے