دل پر اشعار
دل شاعری کے اس انتخاب
کو پڑھتے ہوئے آپ اپنے دل کی حالتوں ، کیفیتوں اور صورتوں سے گزریں گے اورحیران ہوں گے کہ کس طرح کسی دوسرے ،تیسرے آدمی کا یہ بیان دراصل آپ کے اپنے دل کی حالت کا بیان ہے ۔ اس بیان میں دل کی آرزوئیں ہیں ، امنگیں ہیں ، حوصلے ہیں ، دل کی گہرائیوں میں جم جانے والی اداسیاں ہیں ، محرومیاں ہیں ، دل کی تباہ حالی ہے ، وصل کی آس ہے ، ہجر کا دکھ ہے ۔
دل ناامید تو نہیں ناکام ہی تو ہے
لمبی ہے غم کی شام مگر شام ہی تو ہے
-
موضوعات : امیداور 4 مزید
اور کیا دیکھنے کو باقی ہے
آپ سے دل لگا کے دیکھ لیا
-
موضوعات : عشقاور 1 مزید
کون اس گھر کی دیکھ بھال کرے
روز اک چیز ٹوٹ جاتی ہے
شام بھی تھی دھواں دھواں حسن بھی تھا اداس اداس
دل کو کئی کہانیاں یاد سی آ کے رہ گئیں
Interpretation:
Rekhta AI
یہ شعر بیرونی منظر اور اندرونی کیفیت کو ایک کر دیتا ہے: دھواں دھواں شام دل کی دھند اور بوجھل پن کی علامت ہے۔ “حسن” کا اداس ہونا بتاتا ہے کہ دل کو خوشی دینے والی چیزیں بھی بے رنگ لگ رہی ہیں۔ اسی عالم میں بہت سی ادھوری یادیں/کہانیاں دل میں جاگتی ہیں اور رخصت نہیں ہوتیں، بس ایک خاموش کسک بن کر رہ جاتی ہیں۔
-
موضوعات : اداسیاور 4 مزید
دنیا کی محفلوں سے اکتا گیا ہوں یا رب
کیا لطف انجمن کا جب دل ہی بجھ گیا ہو
Interpretation:
Rekhta AI
شاعر دنیاوی محفلوں کی چمک دمک سے بیزاری کا شکوہ خدا سے کرتا ہے۔ محفل و انجمن بیرونی رنگینی کی علامت ہیں، اور “دل کا بجھ جانا” اندر کی حرارت، شوق اور معنی کے ختم ہو جانے کا استعارہ ہے۔ جب اندر چراغ نہ رہے تو باہر کی رونق بھی بے لطف لگتی ہے۔ اس میں دل شکستگی کے ساتھ سچی طلب اور روحانی بیداری کی آرزو چھپی ہے۔
تمہارا دل مرے دل کے برابر ہو نہیں سکتا
وہ شیشہ ہو نہیں سکتا یہ پتھر ہو نہیں سکتا
Interpretation:
Rekhta AI
داغؔ دہلوی نے دلوں کے فرق کو “شیشہ” اور “پتھر” کے استعارے سے واضح کیا ہے۔ شاعر کا کہنا ہے کہ دونوں کے مزاج اور احساس کی کیفیت ایک جیسی نہیں، اس لیے برابری ممکن نہیں۔ ایک دل نازک اور جلد دکھنے والا ہے، دوسرا سخت اور بےحس۔ اس میں شکوہ، رنج اور محبت کی عدم مطابقت کا درد جھلکتا ہے۔
دل آباد کہاں رہ پائے اس کی یاد بھلا دینے سے
کمرہ ویراں ہو جاتا ہے اک تصویر ہٹا دینے سے
دل کے پھپھولے جل اٹھے سینے کے داغ سے
اس گھر کو آگ لگ گئی گھر کے چراغ سے
ان حسرتوں سے کہہ دو کہیں اور جا بسیں
اتنی جگہ کہاں ہے دل داغدار میں
Interpretation:
Rekhta AI
شاعر حسرتوں کو جاندار بنا کر یوں مخاطب ہے جیسے وہ دل میں آ بسیں ہوں۔ دل پہلے ہی دکھ اور زخموں کے داغوں سے بھرا ہوا ہے، اس لیے مزید آرزوؤں کے لیے جگہ نہیں بچتی۔ یہ شعر اندرونی تھکن، بےبسی اور بڑھتے ہوئے غم کی کیفیت کو سادہ مگر گہری تمثیل میں بیان کرتا ہے۔
-
موضوع : حسرت
ہر دھڑکتے پتھر کو لوگ دل سمجھتے ہیں
عمریں بیت جاتی ہیں دل کو دل بنانے میں
فقط نگاہ سے ہوتا ہے فیصلہ دل کا
نہ ہو نگاہ میں شوخی تو دلبری کیا ہے
Interpretation:
Rekhta AI
شاعر کہتا ہے کہ محبت کا اصل حکم نگاہ ہی سناتی ہے، الفاظ ثانوی ہیں۔ نگاہ کی شوخی دل میں کھنچاؤ، اعتماد اور رغبت جگاتی ہے اور اسی سے دل متاثر ہوتا ہے۔ اگر یہ چمک اور چھیڑ چھاڑ بھری کیفیت نہ ہو تو دلبری بے رنگ اور بے اثر ہو جاتی ہے۔
-
موضوعات : اقبال ڈےاور 2 مزید
تم زمانے کی راہ سے آئے
ورنہ سیدھا تھا راستہ دل کا
شیشہ ٹوٹے غل مچ جائے
دل ٹوٹے آواز نہ آئے
-
موضوع : مشہور اشعار
آپ پہلو میں جو بیٹھیں تو سنبھل کر بیٹھیں
دل بیتاب کو عادت ہے مچل جانے کی
ہم نے سینے سے لگایا دل نہ اپنا بن سکا
مسکرا کر تم نے دیکھا دل تمہارا ہو گیا
میں ہوں دل ہے تنہائی ہے
تم بھی ہوتے اچھا ہوتا
Interpretation:
Rekhta AI
اس شعر میں ایک سادہ سی فہرست کے ذریعے دل کی ویرانی دکھائی گئی ہے: میں، دل، اور تنہائی۔ دل یہاں بے قراری اور جذبات کی علامت ہے جو اکیلے پن میں اور زیادہ نمایاں ہو جاتے ہیں۔ دوسرا مصرع ایک نرم سی حسرت ہے کہ محبوب کی موجودگی اس خلا کو بھر سکتی تھی۔ سارا دکھ شکوے کے بغیر، خاموش خواہش کی صورت میں سامنے آتا ہے۔
دل دے تو اس مزاج کا پروردگار دے
جو رنج کی گھڑی بھی خوشی سے گزار دے
Interpretation:
Rekhta AI
داغؔ دہلوی یہاں خدا سے راحت نہیں بلکہ دل کی کیفیت مانگتے ہیں۔ دل اور مزاج استعارہ ہیں اس باطنی قوت کے، جو حالات کی سختی کو بھی مثبت انداز میں سہہ لے۔ شعر کا جذبہ یہ ہے کہ اصل نعمت خوشی کے مواقع نہیں، بلکہ وہ ظرف ہے جو رنج میں بھی مسکراہٹ قائم رکھے۔ یہ قناعت اور استقامت کی دعا ہے۔
مدت کے بعد آج اسے دیکھ کر منیرؔ
اک بار دل تو دھڑکا مگر پھر سنبھل گیا
کب ٹھہرے گا درد اے دل کب رات بسر ہوگی
سنتے تھے وہ آئیں گے سنتے تھے سحر ہوگی
-
موضوعات : انتظاراور 2 مزید
ہم تو کچھ دیر ہنس بھی لیتے ہیں
دل ہمیشہ اداس رہتا ہے
دل بھی پاگل ہے کہ اس شخص سے وابستہ ہے
جو کسی اور کا ہونے دے نہ اپنا رکھے
کچھ تو ہوا بھی سرد تھی کچھ تھا ترا خیال بھی
دل کو خوشی کے ساتھ ساتھ ہوتا رہا ملال بھی
-
موضوعات : اداسیاور 3 مزید
دل ابھی پوری طرح ٹوٹا نہیں
دوستوں کی مہربانی چاہئے
میری قسمت میں غم گر اتنا تھا
دل بھی یارب کئی دیے ہوتے
Interpretation:
Rekhta AI
غالب بارگاہِ الٰہی میں شوخی کے ساتھ شکوہ کر رہے ہیں کہ اے خدا تو نے میری قسمت میں غموں کا پہاڑ تو لکھ دیا مگر انہیں سہنے کے لیے دل صرف ایک دیا۔ ایک ناتواں دل اس قدر غم سہار نہیں سکتا، اس لیے غم کی فراوانی کے مطابق مجھے کئی دل ملنے چاہیے تھے تاکہ میں یہ سارا بوجھ اٹھا سکتا۔
-
موضوع : غم
دل پاگل ہے روز نئی نادانی کرتا ہے
آگ میں آگ ملاتا ہے پھر پانی کرتا ہے
دیا خاموش ہے لیکن کسی کا دل تو جلتا ہے
چلے آؤ جہاں تک روشنی معلوم ہوتی ہے
-
موضوعات : چراغاور 1 مزید
محبت رنگ دے جاتی ہے جب دل دل سے ملتا ہے
مگر مشکل تو یہ ہے دل بڑی مشکل سے ملتا ہے
''آپ کی یاد آتی رہی رات بھر''
چاندنی دل دکھاتی رہی رات بھر
-
موضوع : یاد
بڑا شور سنتے تھے پہلو میں دل کا
جو چیرا تو اک قطرۂ خوں نہ نکلا
-
موضوع : مشہور اشعار
جانتا ہے کہ وہ نہ آئیں گے
پھر بھی مصروف انتظار ہے دل
جانے والے سے ملاقات نہ ہونے پائی
دل کی دل میں ہی رہی بات نہ ہونے پائی
بت خانہ توڑ ڈالیے مسجد کو ڈھائیے
دل کو نہ توڑیئے یہ خدا کا مقام ہے
آپ دولت کے ترازو میں دلوں کو تولیں
ہم محبت سے محبت کا صلہ دیتے ہیں
-
موضوعات : عشقاور 2 مزید
ابھی راہ میں کئی موڑ ہیں کوئی آئے گا کوئی جائے گا
تمہیں جس نے دل سے بھلا دیا اسے بھولنے کی دعا کرو
-
موضوعات : دعااور 2 مزید
الفت میں برابر ہے وفا ہو کہ جفا ہو
ہر بات میں لذت ہے اگر دل میں مزا ہو
دل کی ویرانی کا کیا مذکور ہے
یہ نگر سو مرتبہ لوٹا گیا
Interpretation:
Rekhta AI
شاعر نے دل کو ایک شہر کی طرح برتا ہے جس پر بار بار غم اور صدمے حملہ آور ہوئے۔ اتنی تکرارِ زخم کے بعد ویرانی کا ذکر بے معنی لگتا ہے، گویا بربادی معمول بن گئی ہو۔ “سو مرتبہ” مبالغہ ہے جو دکھ کی طویل، مسلسل شدت اور بے بسی کو نمایاں کرتا ہے۔
-
موضوعات : ویرانیاور 1 مزید
آغاز محبت کا انجام بس اتنا ہے
جب دل میں تمنا تھی اب دل ہی تمنا ہے
ہوشیاری دل نادان بہت کرتا ہے
رنج کم سہتا ہے اعلان بہت کرتا ہے
ادا سے دیکھ لو جاتا رہے گلہ دل کا
بس اک نگاہ پہ ٹھہرا ہے فیصلہ دل کا
-
موضوعات : ادااور 2 مزید
دل کے آئینے میں ہے تصویر یار
جب ذرا گردن جھکائی دیکھ لی
دل محبت سے بھر گیا بیخودؔ
اب کسی پر فدا نہیں ہوتا
دل پہ آئے ہوئے الزام سے پہچانتے ہیں
لوگ اب مجھ کو ترے نام سے پہچانتے ہیں
-
موضوعات : عشقاور 3 مزید
آرزو تیری برقرار رہے
دل کا کیا ہے رہا رہا نہ رہا
-
موضوع : آرزو
دل تو میرا اداس ہے ناصرؔ
شہر کیوں سائیں سائیں کرتا ہے
-
موضوعات : شہراور 1 مزید
دل ناداں تجھے ہوا کیا ہے
آخر اس درد کی دوا کیا ہے
EXPLANATION #1
عشق کی بیماری اور اس کے علاج ہونے کا مضمون اردو شاعری میں کثرت سے استعمال ہوا ہے۔ عموماً اس مضمون کا بیان مایوسانہ ہوتا ہے۔ غالبؔ نے ان سے ہٹ کر نئی بات کہی ہے۔ سب سے پہلے تو سمجھ لینا چاہیے کہ غالب کے اشعار میں عاشق اور اس کا دل دو جدا گانہ اکائیوں کی شکل میں نظر آتا ہے۔ ان دونوں میں دوستی، محبت، یگانگت اور ہمدردری کا رشتہ ہے۔ کبھی کبھی دونوں آپس میں لڑتے جھگڑتے بھی نظر آتے ہیں۔ زیر بحث شعر میں دو باتیں خاص طور پر توجہ طلب ہیں۔ ایک دل کو نادان کہنا اور دوسرا ’’تجھے ہوا کیا ہے‘‘ کا ٹکڑا۔ دل کو نادان کہہ کر شاعر نے شعر میں معنی کے کئی احکامات پیدا کر دیئے ہیں۔ دل اپنی ناسمجھی میں عشق کی چوٹ لگا بیٹھا ہے۔ سمجھدار ہوتا تو اس جنجال میں نہ پھنستا۔ دل کو معلوم ہی نہیں کہ اس کا درد عشق کا درد ہے۔ ’تجھے ہوا کیا ہے‘ کو دوطرح سے پڑھ سکتے ہیں۔ ایک سوالیہ انداز میں کہ سوال کرنے والا جاننا چاہتا ہے کہ دل کو جو درد ہے اس کی نوعیت کیا ہے۔ شاید دل کو خود بھی نہیں معلوم کہ اسے کیا ہو گیا ہے یا پھر وہ درد کی کیفیت کو چھپانے کی کوشش کر رہا ہے لیکن وہ اس کے چہرہ سے عیاں ہے۔ پھر اسی ٹکڑے کو ہلکی سی جھنجھلاہٹ اور بے بسی کے انداز میں بھی پڑھا جا سکتا ہے۔ یعنی ’یہ تجھے کیا ہو گیا ہے‘ کہ سیدھی سی بات بھی تیری سمجھ میں نہیں آتی۔ مصرع میں معنی کے اتنے احکامات رکھنے کے بعد شاعر دوسرے مصرع ’’آخر اس درد کی دوا کیا ہے‘‘ میں ایک بار پھر معنی کے کئی احکامات رکھ دیتا ہے۔ ایک تو یہ کہ تیرا درد عشق کا درد ہے اور اس کا کوئی علاج نہیں۔ لیکن شاعر کو اپنے دوست یعنی دل سے ہمدردی ہے۔ وہ سیدھے اور سپاٹ لہجہ میں ایسی بات کہہ کر اس کو مزید غمگین یا مایوس نہیں کرنا چاہتا۔ وہ اس سے سوال کرتا ہے۔ بھائی مجھ کو بتاؤ تمہارا یہ درد کیسے دور ہو سکتا ہے۔ میں تمہارے لیے کیا کروں۔ تمہارا یہ درد مجھ سے دیکھا نہیں جاتا۔ میں ہر طرح تمہاری مدد کو تیار ہوں۔ کہو تو تمہارے محبوب سے تمہاری ملاقات کرانے کی کوشش کروں وغیرہ وغیرہ ۔ یہ جانتے ہوئے کہ یہ ساری باتیں ناممکنات میں سے ہیں، شاعر نے اپنے دوست یعنی دل کے ساتھ اپنی محبت اور ہمدرددی کا اظہار کرتے ہوئے ڈھکے چھپے انداز میں یہ بھی بتا دیا کہ درد عشق کی کوئی دوا ہے ہی نہیں۔ شعر میں نادان دل کے ساتھ دوستی، ہمدردی اور مروت کے اشارے اتنے مضبوط ہیں کہ اصل بات یعنی دردِ عشق کی کوئی دوا نہیں، پردوں میں چھپ گئی ہے۔ لیکن ٹھریئے۔ شاعر نے پورے شعر میں عشق کا کہیں کوئی تذکرہ نہیں کیا۔ ہم نے تو دل، درد اور دوا یہ تین الفاظ پڑھ کر جھٹ سے فیصلہ کر لیا کہ یہ عشق کا تذکرہ ہے، کیوں بھائی! یہ درد تو کوئی بھی ہو سکتا ہے۔ انسانی زندگی تو درد سے بھری پڑی ہے اور اس درد کا علاج کم سے کم ابھی تک تو دریافت نہیں ہوا۔
محمد اعظم
دل بھی توڑا تو سلیقے سے نہ توڑا تم نے
بے وفائی کے بھی آداب ہوا کرتے ہیں